لکی مروت(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے لکی مروت تھانے کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سرچ آپریشن کے دوران زیر تعمیر عمارت میں چھپے 6 دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاوید اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی ٹیم کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ باقی دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
18 اپریل کو پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جب انہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں نے راجن پور، پنجاب میں رات گئے سرچ آپریشن کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین دیگر رات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقے سے فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت الیاس اور عرفان اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔