وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوڈان سے پاکستانی شہریوں کے انخلا میں سعودی عرب کی مدد پر اظہار تشکر کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک سوڈان سے انخلا کو مزید آسان بنانے کے لئے قریبی تعاون کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہزادہ فیصل بن فرحان کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی اچھی صحت اور خوشیوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے برادر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی علاقائی امن اور خوشحالی کا باعث بنے گی۔