آصف زرداری نے چیف جسٹس کی جانب سے فریقین کے درمیان مذاکرات کی کال کی حمایت کردی

 


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے چیف جسٹس کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی اپیل کو سراہا ہے۔


بدھ کو چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات کے لیے اتفاق رائے پیدا کر لیں تو سپریم کورٹ انتخابات کی تاریخ تبدیل کر سکتی ہے۔


اس تجویز کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے اپنے اتحادیوں اور دیگر تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر موجودہ بحرانوں کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔


سابق صدر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے انتخابات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عام انتخابات کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ایک صفحے پر آئے گی تو مخالف جماعت پاکستان تحریک انصاف سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ اگر چیف جسٹس کچھ وقت دیں تو مشاورت سے ایک دن انتخابات کا انعقاد ممکن ہو جائے گا۔


ایک ہی روز ملک بھر میں انتخابات کے لیے الگ الگ درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا تھا کہ عدالت 14 مئی کو انتخابات کا حکم دے گی جب تک کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات پر اتفاق رائے نہیں کر لیتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک ساتھ آتی ہیں تو عدالت ان کے لئے جگہ بنا سکتی ہے اور انتخابات کی تاریخ تبدیل کرسکتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو 14 مئی کو انتخابات ہوں گے، اس معاملے کو طول نہیں دینا چاہیے۔

Previous Post Next Post

Contact Form