الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا۔


الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ 14 مئی 2023 کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے اکتوبر میں پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق اپنا سابقہ شیڈول بھی واپس لے لیا۔


شیڈول کے مطابق 10 اپریل کو کاغذات نامزدگی مسترد یا قبول کرنے سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپیلٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 17 اپریل ہوگی اور امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرستیں 18 اپریل کو شائع کی جائیں گی۔

کاغذات نامزدگی واپس لینے کی اجازت 19 اپریل تک ہوگی جبکہ امیدواروں کو 20 اپریل 2023 کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ انتخابات 14 مئی کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پنجاب اسمبلی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے وکلاء نے کمیشن کو سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے قانونی پہلوؤں اور امکانات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکاء نے انتظامی اور سیکیورٹی امور کے لیے نگران پنجاب حکومت سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب انتخابات کے لیے درکار فنڈز کے اجراء کے لیے وزارت خزانہ سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ
سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق الیکشن واچ ڈاگ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔


سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے حکم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کو 10 اپریل تک پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔


سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کا بھی حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے پنجاب کی نگران حکومت کو کمیشن کی معاونت کی ہدایت کی۔


گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔

Previous Post Next Post

Contact Form