پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات: چیف جسٹس نے گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کرلیا

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی وں کے انتخابات کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے پر سیکرٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اپریل 2023 بروز جمعہ صبح 11 بجے ذاتی حیثیت میں چیمبر میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے دوسرے نمبر کے افسران کو بھی کل طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) قانون بھی چیمبر میں پیش ہوں گے۔
عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر حکام کو فنڈز کا ریکارڈ اور تفصیلات اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی۔

اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ایک خط میں عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں ابھی تک پنجاب انتخابات کرانے کے لیے فنڈز نہیں ملے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ایک صفحے کی رپورٹ پر چیف الیکشن کمشنر اور دیگر اراکین کے دستخط ہیں۔

رپورٹ میں پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے فنڈز اور سیکیورٹی کی کمی کا ذکر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ انہیں ابھی تک 21 ارب روپے نہیں ملے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ وہ پنجاب انتخابات کے لیے 75 ہزار سیکیورٹی اہلکار فراہم کر سکتی ہے اور کمیشن میں اب بھی 3 لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔

تاہم اس سے قبل قومی اسمبلی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا (کے پی) میں انتخابات کے لیے اضافی فنڈز کا بل مسترد کردیا تھا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو نے بھی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات کے لیے فنڈز طلب کرنے کا بل متفقہ طور پر مسترد کردیا۔

قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ فنڈز بجٹ میں نہیں ہیں اس لیے کمیٹی نے بل مسترد کیا ہے۔ 
قائمہ کمیٹی کے رکن خالد مقصودی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں کہ آپ خالی ہاتھ جا رہے ہیں۔


Previous Post Next Post

Contact Form