پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں طورخم ایکسپورٹ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سامان سے لدے متعدد ٹرک اور کنٹینر ملبے تلے دب گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کچھ ٹرکوں میں آگ بھڑک اٹھی جسے ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر بجھا دیا۔
ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر خان امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان سے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور بھاری مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
خان نے کہا کہ لنڈی کوتل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ اصل نقصان کا تخمینہ ملبہ ہٹانے کے بعد ہی معلوم ہوگا۔