پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا انتخابات میں تاخیر کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر خان کل سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کے پی میں انتخابات کی تاریخ 28 مئی مقرر کرنے کا اعلان کیا اور پھر بغیر کسی وجہ کے تاریخ تبدیل کرکے 8 اکتوبر کردی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پنجاب الیکشن سے متعلق 22 مارچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے حکم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کو 10 اپریل تک پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
انتخابات کی تاریخ کا اعلان اس خط کے جواب میں کیا گیا تھا جس میں کے پی کے گورنر نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے ای سی پی کو صوبے میں 8 اکتوبر کو عام انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔