اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت کے لیے اجلاس کل صبح 11 بجے طلب کرلیا جس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے حکم کو غیر آئینی قرار دیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ سلطان کریں گے۔
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے 22 مارچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے حکم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کو 10 اپریل تک پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے پنجاب کی نگران حکومت کو کمیشن کی معاونت کی ہدایت کی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کی صورت میں عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔
انتخابات کا التوا
اس سے قبل مارچ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے 8 مارچ کو جاری ہونے والا پنجاب الیکشن پروگرام کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا اور پنجاب کے انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں انتخابات کی نئی تاریخ 08 اکتوبر مقرر کردی۔