اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر افطار کے وقت میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک جا رہے تھے کہ ایک ہائی لکس ریوو نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔
مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ہائی لکس ریوو میں پانچ افراد سفر کر رہے تھے اور انہیں ان کی گاڑی سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مفتی شکور سابق قبائلی علاقوں سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی تھے۔
اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل (جی) ڈاکٹر اکبر ناصر خان، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر وفاقی وزراء اسپتال پہنچ چکے ہیں جہاں شکور نے آخری سانس لی۔
جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مفتی شکور کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 بجے لکی مروت میں ادا کی جائے گی اور انہیں ان کے آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔