اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ملاقات کی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ افطار سے کچھ دیر قبل ہونے والی ملاقات خوشگوار ماحول میں جاری رہی۔ دونوں ججوں نے اہم عدالتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس سے مشاورت کے بعد وضاحت جاری کی۔
قبل ازیں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر قومی اسمبلی میں منعقد ہونے والے خصوصی قومی آئینی کنونشن میں شرکت پر وضاحت جاری کی۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج نے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام ججوں کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی منانے کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ کے جج کو حکمراں اتحاد سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں کے ساتھ اگلی صف میں بیٹھنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔