کراچی: ریلوے پولیس اہلکار کی بروقت کارروائی نے کوئٹہ میں عید اسپیشل ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین ہیروک ریلوے اسٹیشن اور مچھ سائیڈنگ کے درمیان سفر کر رہی تھی کہ ایک کوچ کے ڈسک بریک میں آگ لگ گئی۔
تاہم ریلوے پولیس کوئٹہ کے ایک اہلکار اے ایس آئی شفیق شہزاد حرکت میں آئے اور آگ بجھانے والے آلات کے ذریعے فوری طور پر آگ پر قابو پایا۔
اے ایس آئی شفیق شہزاد کے جرات مندانہ اور ذمہ دارانہ اقدام کے بعد سیکڑوں ٹرین مسافر ایک بڑے حادثے سے بچ گئے۔
آگ بجھانے کے بعد ٹرین دوپہر 12:30 بجے اپنی منزل کے لئے روانہ ہوئی۔
کراچی کے سٹی اسٹیشن سے روانہ ہونے والی پہلی عید اسپیشل ٹرین میں 1202 مسافر سفر کر رہے تھے جس کی 13 بوگیاں تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے نے عید اسپیشل ٹرین کے ذریعے 32 لاکھ روپے کمائے اور یہ ٹرین بدھ کی صبح 3 بجے پشاور پہنچے گی۔