پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے) کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
شہباز گل کی جانب سے دائر درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔
شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما کا نام 17 اکتوبر 2022 کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا گیا تھا۔
سابق ایس اے پی ایم نے کوئی غیر قانونی سرگرمی نہیں کی ہے اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز گل کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے لیکن ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب پولیس عدالتی احکامات پر عمل نہیں کر رہے۔
عدالت ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب پولیس کے خلاف کارروائی کا حکم دے اور شہباز گل کو حتمی فیصلے تک بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کو لاہور ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے سے روک دیا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن ونگ نے شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 29 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کو چار ہفتوں کے لیے امریکا جانے کی اجازت دی تھی۔