جنوبی کوریا نے پاکستان کا 19.91 ملین ڈالر کا قرض مؤخر کر دیا

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی حکومت نے جی 20 ڈیٹ سروس معطلی انیشی ایٹو (ڈی ایس ایس آئی) فریم ورک کے تحت 19.911 ملین ڈالر مالیت کے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کے لئے جمہوریہ کوریا کے ساتھ قرضوں کی معطلی کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔

اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم ابتدائی طور پر جولائی اور دسمبر 2021 کے درمیان ادا کی جانی تھی لیکن اب یہ رقم چھ سال کی مدت (بشمول ایک سال کی رعایتی مدت) میں نیم سالانہ اقساط میں ادا کی جائے گی۔

پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کی وجہ سے جی 20 ڈی ایس ایس آئی نے مالی گنجائش فراہم کی ہے جو ملک کی فوری صحت اور معاشی ضروریات سے نمٹنے کے لئے ضروری تھی۔
مئی 2020 سے دسمبر 2021 تک ادائیگی کی مدت کا احاطہ کرتے ہوئے ڈی ایس ایس آئی فریم ورک کے تحت معطل کیے جانے والے قرض کی کل رقم 3,686 ملین ڈالر ہے۔

پاکستان پہلے ہی 21 دوطرفہ قرض دہندگان کے ساتھ جی 20 ڈی ایس ایس آئی کے تحت 3,633 ملین ڈالر مالیت کے قرضوں کی ادائیگی کو مؤخر کرنے کے لئے 104 معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے۔

مذکورہ معاہدے پر دستخط کے بعد یہ مجموعی رقم 3,653 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ جی 20 ڈی ایس ایس آئی کے تحت ہونے والے بقیہ معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔


Previous Post Next Post

Contact Form