پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں 4 لاشیں اور 27 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال میں ہنگامی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ایل آر ایچ کے ترجمان نے بتایا کہ زیادہ تر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے پی میں پرتشدد مظاہروں کے دوران شرپسندوں کے ہجوم نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت میں گھس کر احاطے میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ فائرنگ کے دوران ریڈیو اسٹیشن کا عملہ عمارت میں موجود ہے۔ شرپسندوں نے پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگا دی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے قلعہ بالا حصار کے باہر بھی احتجاج کیا اور اسلحے سے فائرنگ کی۔
پشاور پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران 30 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف املاک، گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو نذر آتش کرنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ فسادیوں اور آتش زنی کرنے والوں کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع سے کی جارہی ہے۔
مردان پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی میں ملوث 32 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سابق وفاقی وزیر عاطف خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام نے کشیدہ صورتحال کے پیش نظر خوشحال خان یونیورسٹی کرک کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبدالولی خان یونیورسٹی کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کل سے آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔