فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس میں ایک چھاپے کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے کم از کم تین فلسطینی جنگجوؤں کو ہلاک اور چار کو زخمی کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس سروس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ افراد 7 اپریل کو جیریکو کے شمال میں ہونے والے ایک حملے کے پیچھے تھے جس میں مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کرکے دو برطانوی اسرائیلی بہنوں کو ہلاک کردیا تھا۔ بعد میں ان کی والدہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
محصور غزہ پٹی پر حکومت کرنے والی فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ جمعرات کو ہلاک ہونے والے تین افراد جن کی شناخت حسن قطانی، معاذ المصری اور ابراہیم جابر کے طور پر ہوئی ہے، اس کے مسلح ونگ کے ارکان تھے۔
حماس نے اپنے بیان میں جیریکو کے قریب ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں یروشلم کے جنوب میں واقع افرات کی غیر قانونی بستی کے رہائشی رینا اور مایا ڈی اور ان کی والدہ لوسی ہلاک ہو گئیں۔ پانچ لاکھ سے زائد اسرائیلی فلسطینی سرزمین پر تعمیر کی گئی تقریبا 200 بستیوں میں رہتے ہیں جنہیں بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے الجزیرہ کو بتایا کہ "قبضہ مکمل طور پر غلط فہمی کا شکار ہے کہ نابلس میں اپنے جرم کا ارتکاب کرکے وہ مغربی کنارے میں مزاحمت کو روک دے گا۔