لاہور: (دنیا نیوز) اینکر پرسن عمران ریاض خان اور آفتاب اقبال کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے حامیوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے دوران مبینہ طور پر تشدد بھڑکانے کے الزام میں عمران ریاض خان کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران ریاض سیالکوٹ ایئرپورٹ سے مسقط جانے والے تھے کہ ایف آئی اے نے انہیں طیارے سے اتار کر پولیس کے حوالے کردیا۔ اینکر کو پولیس نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ تاہم پولیس نے عمران ریاض کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ دوسری جانب اینکر اور ٹی وی میزبان آفتاب اقبال کو لاہور میں ان کے فارم ہاؤس سے گرفتار کرلیا گیا۔ آفتاب اقبال کی بیٹی نے ٹوئٹر پر ان کی گرفتاری کی خبر کی تصدیق کی۔ دونوں صحافی عمران خان اور ان کی پالیسیوں کے کٹر حامی ہیں اور ان کی حمایت میں بہت کھل کر بولتے ہیں۔