کمشنر لاہور آج زمان پارک میں سرچ آپریشن کریں گے

 

لاہور: نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں وفد زمان پارک جائے گا اور ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں عمران خان کی رہائش گاہ کی تلاشی لے گا۔

عامر میر کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں چار نہیں بلکہ 40 دہشت گرد موجود ہیں اس لیے کم از کم 400 پولیس اہلکار زمان پارک جائیں گے۔



نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے تصدیق کی ہے کہ زمان پارک سے نہر کے راستے فرار ہونے والے آٹھ افراد کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث تھے۔


قبل ازیں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) حسن جاوید نے دعویٰ کیا تھا کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔


ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے اندر 30 سے 40 افراد کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جو نہر کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایس ایس پی حسن جاوید کا کہنا تھا کہ اب بھی اطلاعات ہیں کہ زمان پارک میں شرپسند موجود ہیں، زمان پارک پر آپریشن کے حوالے سے حتمی فیصلہ اعلیٰ افسران کے حکم پر ہوگا۔


ایس ایس پی حسن جاوید نے مزید کہا کہ دیگر لوگ بھی فرار ہونے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پولیس کو دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں۔

Previous Post Next Post

Contact Form