وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے کامیاب اجلاس کی امید میں بھارت کے اپنے پہلے دورے پر جمعرات کو گوا پہنچ گئے۔
گوا پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا، 'مجھے خوشی ہے کہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے گوا پہنچا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ایس سی او سی ایف ایم کامیاب ہوگا۔
بلاول 4 اور 5 مئی کو گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ملکی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
کراچی سے بھارت روانگی کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ایک ٹویٹ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر پر پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ایک مختصر ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرا دورہ بھارت ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو کتنی اہمیت دیتا ہے اور وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کو کتنی سنجیدگی سے لیتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ بین الاقوامی فورم کا حصہ بننے والے ممالک کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے خواہاں ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران، جو خصوصی طور پر شنگھائی تعاون تنظیم پر مرکوز ہے، میں دوست ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تعمیری بات چیت کا منتظر ہوں۔