اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا (کے پی) کی نگران حکومت کو پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے انہیں گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل سکھر سینٹرل جیل کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کو حفاظتی ضمانت کے باوجود رہا کرنے سے انکار کردیا تھا۔
سکھر سینٹرل جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزم سیاستدان پنجاب پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔
واضح رہے کہ بھکر کی ایک عدالت نے پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کرنے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت منظور ہونے کے فوری بعد لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو حراست میں لے لیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر گنڈاپور کو رواں ماہ کے اوائل میں پشاور ہائی کورٹ کے ڈی آئی خان بینچ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
8 اپریل کو گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد کے گولڑہ تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔