کراچی کے علاقے سکندر گوٹھ میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران موٹر سائیکل چوری کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک حذیفہ کو موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ دوران تفتیش حذیفہ نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث اپنے ساتھی کے نام وں کا انکشاف کیا۔
جس کے بعد سکندر گوٹھ کے علاقے میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن کیا گیا جہاں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے ساتھی عاکف اور عدیل کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
گرفتاری کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان سے پوچھ گچھ کی جہاں انہوں نے گلزار ہجری، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور سکندر گوٹھ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے 30 سے زائد موٹر سائیکل چوریوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
موٹر سائیکل لفٹر گینگ نے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو اسپیئر پارٹس کی شکل میں فروخت کیا۔ دریں اثنا گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔