پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اسلام آباد سے گرفتار

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کی گرفتاری کے بعد پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔



تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 کے تحت اسلام آباد ریڈ زون سے گرفتار کیا گیا۔


ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کو وفاقی دارالحکومت کے سیکریٹریٹ تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

ایک بیان میں پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گرفتاریاں اور دھمکیاں ہمیں پرامن احتجاج کرنے سے نہیں روک سکتیں۔


شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پارٹی کی سینئر قیادت حکومت کے 'مظالم' کو اجاگر کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، پارٹی کارکنوں اور حامیوں پر زور دیا کہ وہ 'احتجاجی مقامات' پر پہنچیں۔


اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے درخواست دائر کرنے پہنچے تھے۔

سابق وزیر خزانہ کو اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر کو مینٹیننس آف دی پبلک (ایم پی او) کی دفعہ 16 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔


پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دفتر کے باہر سے حراست میں لیا گیا، جس کیس میں پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کیا گیا وہ ابھی واضح نہیں ہے۔


یہ گرفتاریاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کیے جانے کے ایک روز بعد ہوئی ہیں۔


اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔

Previous Post Next Post

Contact Form