حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے، خواجہ آصف

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت حتمی فیصلے پر پہنچتی ہے تو پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔


وزیر دفاع نے کہا کہ جو لوگ خود پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں وہ انکشاف کر رہے ہیں کہ 9 مئی کی پرتشدد کارروائیاں پہلے سے منصوبہ بند تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی کوئی مثال نہیں ہے کیونکہ یہ ریاست کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔


خواجہ آصف نے کہا کہ مسلح افواج کو فوجی تنصیبات اور یادگاروں پر پرتشدد حملوں پر جائز تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا کہ مسلح افواج کو مستقبل میں سیاسی مقاصد کے لئے کسی کی طرف سے نشانہ نہ بنایا جائے۔

Previous Post Next Post

Contact Form