وزیر اعظم شہباز شریف کو کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ


 

کراچی:(پاک آنلائن نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کی اور انہیں کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب وزیراعظم سندھ کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔

گورنر سندھ نے سندھ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں چوتھی بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی حکومت برآمدات اور قومی معیشت کو فروغ دینے کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے ان صنعت کاروں کی تعریف کی جنہوں نے مشکلات اور چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی مجموعی برآمدات کا 60 فیصد ٹیکسٹائل سیکٹر سے آتا ہے اور اس شعبے کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔


وزیراعظم نے ایکسپو کے انعقاد پر وزیر تجارت سید نوید قمر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا جس میں خریداروں سمیت ساٹھ ممالک کے چار سو سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

Previous Post Next Post

Contact Form