اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی

 

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 4.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔



2 جون کو اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 3.912 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے جو 26 مئی کو 4.091 ارب ڈالر کے مقابلے میں 179 ملین ڈالر کم ہیں۔


اسٹیٹ بینک کے علاوہ دیگر بینکوں کے خالص ذخائر سمیت ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 9.335 ارب ڈالر رہے جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 178 ملین ڈالر کم ہیں۔ بینکوں کے خالص ذخائر 5.423 ارب ڈالر رہے جو ہفتے کے دوران معمولی اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں مسلسل چھٹی کمی نے اب ملک کے درآمدی حجم کو صرف 0.86 ماہ تک پہنچا دیا ہے۔


سادہ الفاظ میں کہا جائے تو پاکستان کے پاس صرف 25 دن کی درآمدات کے لیے کافی رقم موجود ہے۔ آخری بار فروری میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے نیچے گر گئے تھے۔

Previous Post Next Post

Contact Form