کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان 'بپرجے' کے پیش نظر پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
فوج کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔
پاک فوج نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والے افراد کے اعداد و شمار جاری کردیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 82 فیصد سے زیادہ آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
انخلا کا عمل آج رات (بدھ) تک مکمل ہوجائے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 73 ہزار 843 میں سے 60 ہزار 442 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
پاک فوج نے ٹھٹھہ میں 9، سجاول اور بدین میں 14 اور دیگر مقامات پر امدادی کیمپ قائم کیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر کراچی کی ہدایات کے مطابق لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل ہر حال میں آج رات تک مکمل کر لیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رینجرز اور پاک فوج کے دستوں کو اگلے 72 گھنٹوں تک ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کور کمانڈر کراچی کے حوالے سے کہا گیا کہ فوجی اہلکار فیلڈ میں سول انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں گے، پاک فوج اس مشکل گھڑی میں قوم کی مدد کرے گی۔
سمندری طوفان بیپرجوئے سے سیلاب اور تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر ساحلی علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کے لیے پاک فوج تعینات کردی گئی ہے۔
پانچویں کور کراچی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے رات گئے بدین میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔