پنجاب کے ضلع کوٹ ادو کے علاقے دیرا دین پناہ میں ایک گھر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
مظفر گڑھ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید حسنین حیدر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو کچرا فروخت کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیملی کچرے کے مواد کی چھانٹی کر رہی تھی کہ اچانک ایک دھماکہ ہوا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین، دو مرد اور دو بچے شامل ہیں جن میں سے ایک کی عمر دو سال تھی۔ زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او حیدر کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
بعد ازاں ڈی پی او حیدر اور ڈسٹرکٹ کمشنر مظفر گڑھ سلمان خان لودھی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
ڈی پی او حیدر کا کہنا تھا کہ 'ہم نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا اور سوگوار خاندان سے ملاقات کی۔ دھماکے کی تحقیقات ہر زاویے سے کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
افسر نے مزید کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کرائم سین یونٹ بھی مقام کا معائنہ کریں گے اور واقعے کی حتمی رپورٹ تیار کریں گے۔
ڈی پی او اور ڈی سی نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔