اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے کی منظوری دے دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر صدارت جے سی پی اجلاس میں جج کی سپریم کورٹ میں ترقی کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی بھی تجویز دی۔ جسٹس مسرت ہلالی کو اتفاق رائے سے سپریم کورٹ میں تعینات کیا گیا تھا۔
جسٹس ہلالی خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جنہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے جبکہ ملک کی تاریخ میں وہ دوسری خاتون ہیں جنہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال جنوری میں جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی جج بننے والی پہلی خاتون بن گئیں۔
جے سی پی ایک آئینی ادارہ ہے جو سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت میں تقرریوں کا فیصلہ کرتا ہے۔ جے سی پی کی سربراہی چیف جسٹس کرتے ہیں، اگلے سینئر ترین چار ججز، ایک سابق چیف جسٹس یا سپریم کورٹ کے جج، وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور پاکستان بار کونسل کی جانب سے نامزد سپریم کورٹ کے ایک سینئر وکیل۔