وزیراعظم کی آئی ٹی، زراعت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں کیلئے آئندہ بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کرنے کی ہدایت

 

وزیر اعظم شہباز شریف نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت آئندہ بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں کے لئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات جمعہ کو اسلام آباد میں بجٹ تجاویز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔



وزیراعظم نے آئندہ سال کے پی ایس ڈی پی میں نوجوانوں کی مختلف سکیموں کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔


انہوں نے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا۔


وزیر اعظم نے مشورہ دیا کہ مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے تاکہ ذہین طلباء کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کیا جاسکے۔

زرعی شعبے کے حوالے سے وزیراعظم نے کسان پیکج کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔


توانائی کے شعبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے اور ہائیڈل اور توانائی کے دیگر منصوبوں میں جدت لانے کے لئے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں۔


انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرتے ہوئے صوبوں، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کی تجاویز کو بھی ترجیح دی جائے۔


علاوہ ازیں وزیراعظم نے آئندہ بجٹ میں درآمدات کے متبادل کی فراہمی، برآمدات میں اضافے اور مختلف شعبوں میں جدت طرازی پر توجہ مرکوز کرنے والے منصوبوں کو ترجیح دینے کی بھی ہدایت کی۔

Previous Post Next Post

Contact Form