پاکستان اور یورپی یونین نے مشترکہ کوششوں کے ذریعے امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور یورپی یونین کے اعلی نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزف بوریل کے درمیان اسٹراس برگ میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر مملکت نے یورپی یونین کے ساتھ باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا، خاص طور پر تارکین وطن سے متعلق قانونی راستوں کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کی بنیاد پر پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جاری تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے مختلف اقدامات بشمول گلوبل گیٹ وے اسٹریٹجی کے تحت شراکت داری قائم کرنے کے لئے یورپی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے جس میں گرین انرجی اور بلیو اکانومی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
تجارت اور اقتصادی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کا جی ایس پی پلس فریم ورک دونوں فریقوں کے درمیان تجارت کے فروغ میں باہمی طور پر فائدہ مند اور معاون ثابت ہوا ہے۔
حنا ربانی کھر نے موسمیاتی مطابقت پذیری، آب و ہوا کی لچک پیدا کرنے اور ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے موسمیاتی فنانس کو متحرک کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔