تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ترکمانستان کے وفد نے شرکت کی جس کی قیادت وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاپی پورے خطے کی ترقی کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ اس سے خطے کو ٹھوس یقین دہانیوں اور باہمی طور پر متفقہ شرائط و ضوابط کے ساتھ قدرتی گیس کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔
ترقی پذیر ممالک کے لئے توانائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں فوری کارروائی کے ذریعے اس چیلنج سے نمٹنا ہوگا۔
وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تاپی منصوبہ علاقائی تعاون اور خوشحالی کا دور لائے گا۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم سے کہا کہ وہ اپنی منصوبہ بندی اور پھر اس پر عمل درآمد میں تیزی لائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان برادر ملک ہیں اور دونوں اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لئے تیار ہیں۔