اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کی قیادت میں مخلوط حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میاں نواز شریف کے کیسز کا جائزہ لے گی۔
اعلیٰ سطحی کمیٹی میں وزیر قانون سمیت اہم وکلاء شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کمیٹی کے اجلاس میں ان وکلاء کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو میاں نواز شریف کے مقدمات لڑ رہے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہتی ہے۔