اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود بھی موجود تھے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے خیبر پختونخوا اور ضم شدہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات پر وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے مالی مشکلات کے باوجود بجٹ 2023-24 میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریف کی۔ انہوں نے قبائلی علاقوں کے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اعلیٰ سطحکے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ، وزیراعظم کے مشیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزماں کائرہ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سینیٹر نثار کھوڑو شامل تھے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی قیادت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات پر وزیراعظم کی تعریف کی۔