آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال جنوری میں پاکستان کے خلاف سڈنی ٹیسٹ ان کا آخری ٹیسٹ ہوسکتا ہے۔
بھارت کے خلاف 7 جون سے لارڈز میں شروع ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے انکشاف کیا کہ وہ اپنا الوداعی ٹیسٹ میچ اگلے سال پاکستان کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں کھیلنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی تاہم ڈیوڈ وارنر نے واضح کیا ہے کہ وہ آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں یہاں رنز بنا سکتا ہوں اور آسٹریلیا میں کھیلنا جاری رکھتا ہوں تو میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز نہیں کھیلوں گا۔ اگر میں اس (ڈبلیو ٹی سی فائنل اور ایشز) میں کامیابی حاصل کر لیتا ہوں اور پاکستان کے خلاف سیریز میں جگہ بنا لیتا ہوں تو میں یقینی طور پر اس کا اختتام کروں گا۔
بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اپنے منصوبے کے جواب میں ڈیوڈ وارنر نے عندیہ دیا کہ 2024 ورلڈ کپ ان کا آخری بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔
وارنر نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ 2024 کا ورلڈ کپ شاید میرا آخری میچ ہوگا۔
رواں سال کے اوائل میں ڈیوڈ وارنر نے بتایا تھا کہ انہوں نے اور ان کے اوپننگ پارٹنر عثمان خواجہ نے بیک وقت ریٹائرمنٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔