پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم روسنگٹن اپنے ہم وطن جیمز ونس کے جزوی متبادل کے طور پر کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔
روسنگٹن نے ونس کی جانب سے چھوڑے گئے خلا کو پر کیا جو پیر کے روز بنگلہ دیش کے آئندہ وائٹ بال دورے کے لئے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے روانہ ہوئے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کراچی کنگز نے وکٹ کیپر بلے باز کی آمد کا اعلان کیا جہاں ٹیم راولپنڈی کے میچز کے لیے قیام پذیر ہے۔
اسٹار اوپنر ونس اپنی قومی ذمہ داری کی وجہ سے کنگز کے کم از کم اگلے تین میچوں میں شرکت نہیں کریں گے۔ وہ 14 مارچ کو انگلینڈ کے دورہ بنگلہ دیش کے اختتام کے بعد دوبارہ پی ایس ایل میں شامل ہوں گے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ تھے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے ملتان سلطانز کے خلاف دو مقابلوں میں سے پہلے میچ میں صرف 20 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنائی تھی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2020 کی چیمپئن کنگز اپنا اگلا میچ یکم مارچ کو راولپنڈی میں بابر اعظم کی قیادت والی پشاور زلمی سے کھیلے گی۔