اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کے علاقے ایف نائن میں واقع پبلک پارک میں دو نامعلوم مسلح افراد نے خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب اسلام آباد کے علاقے ایف نائن میں واقع پبلک پارک میں دو نامعلوم افراد نے بندوق کی نوک پر ایک لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مارگلہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں متاثرہ نے کہا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ پارک میں چہل قدمی کر رہی تھی جب دو مسلح افراد نے بندوق کی نوک پر انہیں زبردستی درختوں کے گھنے حصے میں دھکیل دیا اور اسے قابو کر لیا۔

متاثرہ کے مطابق ملزم نے اسے اس کے دوست سے الگ کر دیا اور اسے خاموش رکھنے کے لئے پیٹا۔ مارگلہ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ایک خصوصی یونٹ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپیٹل پولیس آفیسر (سی پی او) آپریشنز سہیل ظفر تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پارک کی انتظامیہ اور واقعہ کے وقت موجود لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
مشتبہ افراد کے نمونے لیے جا رہے ہیں اور انہیں ڈی آکسیرائبو نیوکلیک ایسڈ (ڈی این اے) ٹیسٹ کے لیے فرانزک سائنس لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا جارہا ہے۔

دریں اثنا چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے واقعے کی شدید مذمت کی اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مجرموں کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جاسکتا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خواتین کے خلاف عصمت دری اور جنسی استحصال کے واقعات بار بار رپورٹ ہوئے ہیں اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 2022 میں اسلام آباد کے علاقے جی 6/4 میں ایک غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر سیکیورٹی گارڈ نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

ابپارہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق ایک غیر ملکی خاتون کی حفاظت کے لئے تعینات ایک سیکورٹی گارڈ نے اس کے ساتھ عصمت دری کی اور موقع سے فرار ہوگیا۔


Previous Post Next Post

Contact Form