اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی زیر صدارت خیبرپختونخوا (کے پی) اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینیٹر شبلی فراز نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے کے پی کے ضمنی انتخابات کے لئے پارٹی کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے امیدواروں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں ریجنل بورڈ کی جانب سے تجویز کردہ امیدواروں کے انتخاب کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ کے پی میں انتخابی مہم کی حکمت عملی میں خامیوں پر بھی غور کیا گیا۔