پاکستان اور آئی ایم ایف کے معاملات آج طے پا جائیں گے، اسحاق ڈار

 

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ٹریک پر ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام سے متعلق معاملات آج طے ہونے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں روڈ سیفٹی کانفرنس سے خطاب کے بعد ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم آپ کو بہت جلد اچھی خبر دیں گے۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آخری دور جاری ہے۔ میں آج آئی ایم ایف کی ٹیم سے ملاقات کرنے جا رہا ہوں۔

ناتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کا ایک وفد اس وقت نویں جائزہ پر بات چیت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہے۔ مذاکرات آج اختتام پذیر ہونے کی توقع ہے۔


پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں جب آئی ایم ایف مشن نے بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی۔


اس سے قبل ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ آئی ایم ایف نے پرائمری بجٹ خسارے میں 475 ارب روپے سے استثنیٰ دینے پر مشروط طور پر رضامندی ظاہر کی ہے، استثنیٰ سیلاب ریلیف اخراجات کی تصدیق سے مشروط ہے۔


ذرائع نے دعویٰ کیا کہ قرض دہندہ نے پاکستان سے سیلاب کی بحالی کے اخراجات کا ریکارڈ طلب کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو سیلاب کے اخراجات کی مکمل نگرانی اور تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

Previous Post Next Post

Contact Form