اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے باعث چین کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق چائنا ڈیولپمنٹ بینک (سی ڈی بی) کے بورڈ کی جانب سے سہولت کی منظوری کے بعد پاکستان کو 70 0 ملین ڈالر موصول ہوئے۔
اس سے قبل 22 فروری کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ چائنا ڈیولپمنٹ بینک (سی ڈی بی) کے بورڈ نے پاکستان کے لیے 70 0 ملین ڈالر کے قرض کی سہولت کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ رقم رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کو ملنے کی توقع ہے جس سے اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
ایک روز قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اضافے سے 3 ارب 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہوگئے تھے۔ تاہم مرکزی بینک نے ذخائر میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 17 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے تک 66 ملین ڈالر اضافے سے 3258.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو تقریبا تین ہفتوں کا درآمدی احاطہ فراہم کرے گا۔
پاکستان کی نظریں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایک معاہدے تک پہنچنے پر مرکوز تھیں جس سے نہ صرف 1.2 ارب ڈالر کی تقسیم ہوگی بلکہ دوست ممالک سے آنے والی رقوم کی آمد کو بھی روکا جاسکے گا۔