اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں نجی شعبے اور کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں امریکن اپیرل اینڈ فٹ ویئر ایسوسی ایشن کی قیادت اور پاکستان کے معروف کاروباری اداروں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے بلکہ ایسی پالیسیاں مرتب کرنے کے لئے بھی پرعزم ہے جو کاروباری برادری اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو موجودہ چیلنجوں پر قابو پانے اور زیادہ سے زیادہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لئے جدید خیالات اور حل پیش کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ معیار، کفایت شعاری اور مسابقت کو یقینی بناتے ہوئے مصنوعات میں تنوع سے پاکستانی مصنوعات کو بہتر مارکیٹ شیئر حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر موصوف نے امریکی کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس سال مئی کے آخر میں منعقد ہونے والی ٹی ای ایکس پی او نمائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔