لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے ضلع میانوالی کے علاقے کالا باغ ٹاؤن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عسکریت پسندوں کے حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیا۔
سی ٹی ڈی کے بیان کے مطابق ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں نے ضلع میانوالی کے کالا باغ ٹاؤن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوابی کارروائی کی۔
تقریبا 20 منٹ تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں ٹی ٹی پی کا ایک کمانڈر ہلاک ہوا جس کی شناخت حبیب الرحمان کے نام سے ہوئی۔ تاہم دیگر دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ٹیم نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف، خودکش جیکٹ اور ٹی ٹی پی اسٹیکر برآمد کیے ہیں۔ حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے سرگودھا میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے باقی ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔