وزیراعظم شہباز شریف نے تھرپارکر میں 1650 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے دو کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے صحرا معاشی مرکز میں تبدیل ہو جائے گا۔
1320 میگاواٹ شنگھائی الیکٹرک پاور پلانٹ اور 330 میگاواٹ تھل نووا پاور پلانٹ سمیت منصوبوں سے سالانہ 11.24 ارب یونٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔ ان منصوبوں میں 3.53 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری سے تھر میں کوئلے سے چلنے والی بجلی کی پیداوار 3ہزار 300 میگاواٹ تک بڑھ جائے گی۔
تھر کے علاقے اسلام کوٹ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے خوشی کا لمحہ ہے کہ تھر پارکر کے صحرا کو زندگی کی بنیادی سہولیات مل رہی ہیں۔
انہوں نے تھر کے کوئلے کے خلاف لوگوں کے ایک طبقے کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک نعمت قرار دیا جس میں بجلی کے وسائل کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔