امریکی حکومت کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ طالب علموں کے لیے وظائف کا اعلان

 


اسلام آباد:(پاک آنلائن نیوز) امریکی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستانی یونیورسٹیوں کے طالب علموں کے لیے 500 نئی اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے۔  


ان اسکالرشپس کا اعلان امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) میں خواتین کے عالمی دن کے اعزاز میں خواتین اسکالرز کی کامیابیوں کا جشن منانے کی ایک تقریب میں کیا۔


امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہونہار اور مالی طور پر پسماندہ طالب علموں کو اسکالرشپس فراہم کی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری میں میرٹ اینڈ نیڈز بیسڈ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے 6 ہزار سے زائد اسکالرشپس دی ہیں۔


ان میں سے 60 فیصد اسکالرشپس امریکی حکومت کی جانب سے خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے لیے کی جانے والی معاونت کے حصے کے طور پر خواتین کو دی گئی ہیں۔


خواتین کا عالمی دن نہ صرف ہماری ماؤں، دادی، بہنوں، خالہ اور بیٹیوں کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں کا جشن منانے کا دن ہے۔ یہ صنفی مساوات کو تیز کرنے اور صنفی دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کا مطالبہ بھی ہے" پریس ریلیز میں سفیر بلوم کے حوالے سے کہا گیا ہے۔

Previous Post Next Post

Contact Form