پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں غیر قانونی آپریشن میں ملوث پولیس افسران کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی اور عمران خان کے گھر کا تقدس پامال کیا، اہلکاروں نے نہ صرف چیزیں چوری کیں بلکہ بے گناہ لوگوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آج قانونی ٹیم کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ جس طرح پولیس نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمران خان کی رہائش گاہ میں گھس کر گھر کے تقدس کو پامال کیا ہے۔
فواد چوہدری نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ غیر قانونی کارروائیاں کرنے والے اور تشدد میں ملوث تمام پولیس افسران کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس کی سماعت میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانگی کے چند گھنٹوں بعد پنجاب پولیس نے عمران خان کی لاہور رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔
پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو صاف کرنے کے لئے زمان پارک میں آپریشن شروع کیا اور 14 اور 15 مارچ کو تشدد کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا۔