اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی سیشن عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بھتیجے بیرسٹر حسن نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بیرسٹر حسن خان نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس نے عدالت سے حسن نیازی کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
قبل ازیں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بیرسٹر حسن خان نیازی کو پولیس چوکی پر مزاحمت کرنے پر دو روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے بھتیجے بیرسٹر حسن کو اسلام آباد پولیس نے ضمانت ملنے کے باوجود جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ حسن خان نیازی کو پولیس چوکی پر فورس کی مزاحمت کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی نے دعویٰ کیا کہ ایس پی نوشیروان نے ضمانت پر ہونے کے باوجود حسن کو عدالت کے باہر سے 'اغوا' کیا۔