کراچی( این این آئی)مغربی ہواؤں کے جنوبی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ڈویژن، دادو، جامشورو، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، حیدرآباد، میرپور خاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ (28 اپریل) سے یکم مئی تک کراچی ڈویژن اور سندھ کے دیگر اضلاع میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ قمبر، شہدادکوٹ، دادو، میرپورخاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، مٹیاری اور بدین کے نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے پانی جمع ہوسکتا ہے۔ تیز ہوائیں کھونے اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
کراچی میں آج موسم گرم رہے گا اور درجہ حرارت 33 سے 35 سینٹی گریڈ اور ہوا کی رفتار 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے مغربی لہر کے اثر سے ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے کیونکہ مئی کے پہلے ہفتے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔