جماعت اسلامی کا عید الفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

 

اسلام آباد:(پاک آنلائن نیوز) جماعت اسلامی نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر عیدالفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا اعلان کردیا۔


ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے 'نتیجہ خیز' ملاقاتیں کیں تاکہ دونوں فریقوں کو انتخابات کے معاملے پر بات چیت کے قریب لایا جاسکے۔



ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی عید الفطر کے بعد سیاسی جماعتوں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد کرے گی جس میں ایک ساتھ انتخابات کے انعقاد کے ایک نکاتی ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔

آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔


ایک بیان میں جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی جماعت ایک ساتھ انتخابات کرانے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پیپلز پارٹی پر زور دیا کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے لیے قربانی دیں۔


سراج الحق نے اداروں سے کہا کہ وہ انتخابی معاملات پر غیر جانبدار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے۔

Previous Post Next Post

Contact Form