پاکستان ریلویز کا دو مسافر ٹرینوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ریلوے نے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور مزید آمدن پیدا کرنے کے لئے دو مسافر ٹرینوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

وزارت ریلوے کے ایک عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پہلے ہی متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ عوام کی سہولت کے لئے کراچی جانے والی ٹرینوں کی تزئین و آرائش کے سلسلے میں تمام ضروری انتظامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ قراقرم ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس سمیت ٹرینوں کی اپ گریڈیشن سے محکمہ کو زیادہ آمدنی حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور گرین لائن ٹرین کی طرز پر اس کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں عہدیدار نے کہا کہ پاکستان ریلوے متعدد مسافر ٹرینوں اور ریلوے پلیٹ فارمز کی برانڈنگ کے لئے مختلف آپشنز پر غور کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ محکمہ کے لئے زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینوں اور پلیٹ فارمز کی برانڈنگ سے پاکستان ریلوے کے بڑھتے ہوئے خسارے کو پورا کیا جاسکے گا اور نجی اداروں کو اس مقصد کے لئے اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنے کا موقع ملے گا۔

حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پاکستان ریلوے کو پانچ ٹرینوں اور دو ریلوے اسٹیشنوں کو ان کے سیٹ کور، مسافر کوچز کی اندرونی دیواروں اور یہاں تک کہ بیت الخلاء کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر برانڈ کرنے کی پیش کش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے شروع ہونے کے بعد محکمہ کا خسارہ کم ہوجائے گا اور وزیر نے پہلے ہی متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام رسمی کارروائیاں جلد از جلد مکمل کریں۔


Previous Post Next Post

Contact Form