وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی پولیس کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ وحشیانہ حملہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے تقدس کی خلاف ورزی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کو دی جانے والی استثنیٰ نے تل ابیب کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔
پاکستان نے بدھ کے روز مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے کی مذمت کی ہے جس میں سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیلی پولیس کی جانب سے نمازیوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے کے دوران۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی افواج کے اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
منگل کی شب اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اور درجنوں فلسطینی نمازیوں پر وحشیانہ حملہ کیا۔
الاقصیٰ میں چھاپے کا آغاز مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب اس وقت ہوا جب بھاری ہتھیاروں سے لیس پولیس اہلکاروں کو پہلی بار جائے وقوعہ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد انہوں نے قبلہ اول نماز ہال میں آنسو گیس اور دستی بم پھینکے جہاں سیکڑوں مرد، خواتین، بزرگ اور بچے نماز پڑھنے کے لیے رات بھر قیام کر رہے تھے۔