وزیر خزانہ کی اے آئی آئی بی کے صدر سے ورچوئل ملاقات

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے صدر جن لیکون سے ورچوئل ملاقات کی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ اجلاس بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاس 2023 کا حصہ تھا۔

وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، اسپیشل سیکرٹری خزانہ نے اسلام آباد سے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔
جبکہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے واشنگٹن میں ذاتی حیثیت میں اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے ملک کے موجودہ معاشی منظرنامے سے آگاہ کیا اور انہیں پائیدار معاشی ترقی کے لئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں فراخدلانہ تعاون پر اے آئی آئی بی کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

صدر اے آئی آئی بی نے پاکستان اور اے آئی آئی بی کے درمیان تعلقات کو سراہا اور عوام کی سماجی ترقی کے لئے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں اے آئی آئی بی کے کردار پر روشنی ڈالی۔


Previous Post Next Post

Contact Form