ای سی سی نے دالبنین سے زیارت تک سڑک کی تعمیر کیلئے 10کروڑ روپے کی منظوری دے دی

 

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پی ایس ڈی پی 23-2022 کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو دالبندین سے زیارت بلانوش (77 کلومیٹر) سڑک کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی۔



یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔


اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور دیگر نے شرکت کی۔


ای سی سی نے مندرجہ ذیل تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس/ سپلیمنٹری گرانٹس پر غور کیا اور ان کی منظوری دی:

2022 میں سیلاب کے دوران تباہ ہونے والی سڑکوں کی بحالی پر آنے والے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے این ایچ اے کے حق میں 1666 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔


یوریا کھاد کی درآمد پر صوبوں کے ساتھ وفاقی حکومت کے حصے کی 50:50 کی بنیاد پر ادائیگی کے لئے وزارت تجارت کو 5.57 ارب روپے دیئے گئے۔


ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کو مشورہ دیا کہ درآمدشدہ یوریا پر صوبوں کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کی جلد کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے۔


اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے ملازمین سے متعلق اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک کروڑ 73 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔


اجلاس میں جیوانی سے گوادر تک سیکنڈ سرکٹ سٹرنگ کی تعمیر کے ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ای سی سی کی منظور شدہ انرجی (پاور ڈویژن) کے حق میں 922 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری سکیموں کے لئے ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام (ایس اے پی) کیلئے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایس او ایس چلڈرن ویلیجز کے لئے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کی وزارت کے حق میں 50 ملین روپے کی منظوری بھی دی۔


اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں مالی سال کے دوران وفاقی حکومت کی تشہیر اور آگاہی مہم کے لئے وزارت اطلاعات و نشریات کے حق میں 550 ملین روپے کی منظوری دی۔


بیرون ملک پاکستان کے تجارتی مشنز کے لیے وزارت تجارت کے حق میں 1146.284 ملین روپے مختص کیے گئے۔

Previous Post Next Post

Contact Form